میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہےکہ شہر میں ایک نیا قبرستان تعمیر کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو تدفین کی جگہ کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یہ منصوبہ میمن گوٹھ روڈ پر شروع ہو گا اور تقریباً دو ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف ہے۔
کے ایم سی ہیڈ آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میئر نے بتایا کہ نئے قبرستانوں کی تعمیر کے لیے 43 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شہر کی مجموعی ترقی کے لیے اس سال 68 ارب روپے خرچ کرنے کا پلان ہے جس میں 1058 مختلف ترقیاتی اسکیمیں شامل ہیں۔ ان میں سڑکوں کی تعمیر، پرانی عمارتوں کی بحالی اور ٹاؤنز کی اندرونی گلیوں کی بہتری شامل ہے تاکہ روزمرہ کی زندگی میں شہریوں کی مشکلات کم ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اولڈ سٹی ایریاز جیسے لی مارکیٹ، کھجور مارکیٹ، میٹھادر اور کھارادر میں بھی بہتری کے کام جاری ہیں یا شروع کیے جا رہے ہیں۔ ان علاقوں کے لیے ایک ارب روپے الگ سے مختص کیے گئے ہیں تاکہ کمرشل مراکز کو جدید شکل دی جا سکے اور وہاں کا ماحول بہتر ہو۔
میئر نے گل پلازہ کے آس پاس کے علاقوں میں ترقیاتی کام کا ذکر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ حالیہ سانحے کی وجہ سے وہاں کام شروع نہ ہو سکا، ورنہ اب تک کام جاری ہوتا۔ تاہم کڈنی ہل پارک میں پرندوں کی سب سے بڑی ایوری (برڈ ایویری) کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے، جو شہر کے لیے ایک اہم تفریحی اور ماحولیاتی منصوبہ ہو گا۔
عظیم پورہ انٹر سیکشن پر فلائی اوور کی تعمیر کا کام بھی شروع ہو چکا ہے جس سے وہاں ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور سگنل ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
میئر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے اور شہریوں کی سہولت کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ یہ تمام اقدامات شہر کو مزید بہتر اور قابل رہائش بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








