اٹلی کی مینز کرکٹ ٹیم نے ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
یہ کارنامہ انہوں نے یورپی ریجن فائنل میں عمدہ کارکردگی دکھا کر سرانجام دیا، جہاں اگرچہ انہیں آخری میچ میں نیدرلینڈز کے ہاتھوں شکست ہوئی مگر پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر رہنے کے باعث وہ میگا ایونٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
میچ میں اٹلی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 134 رنز بنائے۔ بین مانینتی 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ گرینٹ اسٹیورٹ، ہیری مانینتی اور کپتان جو برنز نے بھی قابل ذکر اسکور کیا۔ نیدرلینڈز کی طرف سے وین ڈیر میرو نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں نیدرلینڈز نے ہدف با آسانی حاصل کرلیا، اور صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 135 رنز بنا لیے۔ میکس او ڈاؤڈ، مائیکل لیوٹ اور کپتان ایڈورڈز نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ اٹلی کی طرف سے صرف ایک وکٹ کرشان کلواگاماجے نے حاصل کی۔
اگرچہ نتیجہ اٹلی کے حق میں نہ تھا مگر ان کے بولرز کی عمدہ حکمت عملی نے یقینی بنایا کہ شکست کا مارجن کم رکھا جائے جو ورلڈ کپ کے لیے ان کی کوالیفکیشن میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔
اٹلی نے اس ٹورنامنٹ میں تین میچوں کے بعد پانچ پوائنٹس حاصل کیے تھے اور انہیں اس بات کا خاص خیال رکھنا تھا کہ آخری میچ میں بڑے مارجن سے شکست نہ ہو کیونکہ ایسی صورت میں جرسی کی ٹیم بہتر نیٹ رن ریٹ کے باعث آگے نکل سکتی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








