اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان نے کہا ہے کہ حکومت مدارس کی رجسٹریشن کا عمل فوری شروع کرے، دینی مدارس اور جامعات نے ہر مشکل مرحلہ پر مسلح افواج اور ملک و قوم کی حمایت کی، چیف آف آرمی اسٹاف مدارس سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کا نوٹس لیں۔
ان خیالات کا اظہار اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کے رہنماؤں مفتی محمد تقی عثمانی، مفتی منیب الرحمن، مولانا محمد حنیف جالندھری و دیگر نے کراچی پریس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ اصل بات یہ ہے کہ دینی مدارس کے بارے میں سیکولر لوگ منفی پروپیگنڈا کرتے رہتے ہیں۔افسوس اس بات پر ہے کہ عسکری ادارے بھی اب اس طرح کے کام کر رہے ہیں۔ ان لوگوں کو یہ معلوم نہیں کہ 50 فیصد مدارس کون چلا رہا ہے؟ یہ وہ لوگ بول رہے ہیں جو اڑتی چڑیا کے پر گن لیتے ہیں۔
بینک اکاؤنٹس بند کرنے کا مقصد کیا ہے؟ ہمارا مطالبہ ہے کہ دینی مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولے جائیں۔ مدارس کے ساتھ جو سلوک ہے وہ ٹھیک نہیں۔ یہ پروپیگنڈا بہت شد و مد کے ساتھ کیا جا رہا ہے کہ مدارس میں صحیح علوم نہیں پڑھائے جا رہے ہیں۔ مدارس میں اصلی تعلیم دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں رجسٹریشن کے سلسلے میں ہماری آرمی چیف اور وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی لیکن جب اس کے نفاذ کا وقت آیا تو وہ عمل روک دیا گیا۔ مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ ہم کب تک یہ سب برداشت کریں گے۔ ہم سب ایک پیج پر ہیں۔ ہمیں مدارس کا ہر قیمت پر تحفظ کرنا ہے۔
مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی 22 جولائی کی پریس کانفرنس کے تناظر میں اتحاد تنظیمات مدارس کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں متفقہ طور پر کہا گیا کہ دینی و مدارس کا اجلاس ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کی شدید مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دیا گیا کہ 50 فیصد دینی مدارس و جامعات اور ان سربراہان نامعلوم لوگ ہیں۔ دینی مدارس و جامعات اور ان کے چلانے والوں کو پوری قوم جانتی ہے۔ یہ مدارس پاکستان کے قانون کے تحت قائم ہوئے ہیں اور قانون کے دائرے میں مصروف عمل ہیں۔
مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ اس طرح کا لب و لہجہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ اس سے ملک ملک بھر میں قائم دینی مدارس و جامعات کے سربراہان اساتذہ کرام، طلبہ و طالبات، معاونین اور کروڑوں دین دار افراد کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ہم آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ادارے کے ذمہ دار افسران کو ہدایات جاری کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








