نگران حکومت پی ڈی ایم جماعتوں کی بی ٹیم بن گئی ہے، کمیشن نوٹس لے، جماعت اسلامی

تازہ ترین

تازہ ترین

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے کہا ہے کہ نوشہرہ میں نگران صوبائی وزیر کی جانب سے عوامی نیشنل پارٹی کے لیے جلسے کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ نگران کابینہ غیر جانبدار نہیں ہے۔ اس عمل نے ثابت کردیا ہے کہ ان کی غیر جانبداری اب ختم ہوچکی ہے۔

الیکشن کمیشن کی معنی خیز خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ بھی ان جماعتوں کو سپورٹ کررہی ہے۔ الیکشن کمیشن اپنی غیر جانبداری واضح کرے۔ نگران حکومت میں جن لوگوں کو الیکشن کا شوق ہے اور سیاسی جماعتوں سے وابستہ ہیں وہ میدان میں نکلیں اور وہاں مقابلہ کریں۔ حکومتی مراعات اور وزارت کو استعمال کرتے ہوئے نگران وزراء سیاست میں حصہ نہیں لے سکتے۔

یہ بھی پڑھیں:

عمرہ انشورنس پالیسی کیا ہے؟ کیا ہر زائر اس کا مستحق ہے؟

ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں کیا۔ عبدالواسع نے کہا کہ نگران حکومت پہلے ہی صوبے میں ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے حوالے سے بدنام ہے۔ نگران حکومت کا کام صرف نگرانی ہوتا ہے لیکن اس نگران حکومت نے ہر جگہ ہاتھ ڈالے ہوئے ہیں۔

صوبے میں کرپشن کا بازار گرم ہے اور وزراء دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار میں مصروف ہیں، نگران وزراء ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے اب سیاسی پارٹیوں کے لیے جلسے بھی منعقد کرنے لگے ہیں، اس نگران حکومت نے آئین، قانون اور اخلاقیات کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں قبل از انتخابات دھاندلی کی کوششیں ہورہی ہیں۔پی ڈی ایم جماعتوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ہر ہتھکنڈہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی اس کی اجازت نہیں دے گی۔ ہم نے نگران صوبائی حکومت کے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کو عدالت عالیہ میں چیلنج کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت اپنا قبلہ درست کرلے ورنہ اس کے خلاف بھر پور احتجاج کریں گے۔ 

Related Posts