کراچی میں جماعتِ اسلامی کا غزہ ملین مارچ، ہزاروں افراد کا فلسطین سے اظہارِ یکجہتی

تازہ ترین

تازہ ترین

جماعتِ اسلامی کا غزہ ملین مارچ
(فوٹو: اسکرین گریب)

کراچی میں جماعتِ اسلامی کا غزہ ملین مارچ ہوا جس کے دوران ہزاروں افراد نے مقبوضہ فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے لبیک یا اقصیٰ کے فلک شگاف نعرے لگائے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نرسری میں غزہ ملین مارچ کے دوران مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) رہنما، اقلیتی برادری اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے مقبوضہ فلسطین اور حماس سے یکجہتی کا اظہار کیا جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

مارچ کے شرکاء نے اسرائیل کے وحشیانہ حملوں سے شہید ہونے والے مظلوم فلسطینیوں اور حماس کے مجاہدین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکائے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی نے ثابت کیا کہ ہمارے دل اہلِ غزہ کیلئے دھڑکتے ہیں۔

خطاب کے دوران حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے، پھر بھی یہ شہر زندہ ہے۔ عالمی سطح پر فلسطین کے حق میں لہر نے جنم لیا۔ اسرائیل پناہ گزین کیمپوں پر بھی بم برسا رہا ہے اور امریکا اس کی پشت پناہی کررہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حماس پیچھے نہیں ہٹے گی، مسلمان ممالک غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں ڈٹ کر مقابلہ کرتے تو غزہ میں اتنا قتلِ عام نہیں ہوسکتا تھا۔ قائدِ اعظم نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اسرائیل ناجائز ریاست ہے، فلسطینی قوم شکست تسلیم نہیں کرے گی۔

Related Posts