مالدیپ میں غزہ پر حملے کرنیوالے اسرائیل کے شہریوں پر پابندی عائد

تازہ ترین

تازہ ترین

مالدیپ

مالدیپ میں غزہ پر حملے کرنیوالے اسرائیل کے شہریوں پر پابندی عائدکردی گئی ہے۔ صدارتی دفتر کا کہنا ہے کہ صیہونی ریاست کے شہری مالدیپ میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔

صدارتی دفتر کے جاری کردہ بیان کے مطابق مالدیپ میں اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ مالدیپ کابینہ نے اسرائیلی شہریوں کے داخلے کے متعلق قوانین میں ترامیم کا بھی فیصلہ کر لیا۔

بیان میں فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کی امداد کیلئے مالدیپ کے صدر محمد معیزو کی جانب سے خصوصی ایلچی کی تعیناتی کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔

گزشتہ برس خوبصورت سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے کیلئے 11 ہزار سے زائد اسرائیلی شہری مالدیپ پہنچے تھے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت  بھی اپنے شہریوں کو مالدیپ کی جانب نہ جانے کی ہدایت کرچکی ہے۔

داخلے پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد مالدیپ اور اسرائیل کے باہمی تعلقات کشیدہ ہو گئے۔ اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے مالدیپ میں موجود اسرائیلی شہریوں کو بھی ملک چھوڑنے کی ہدایت کردی۔

خیال رہے کہ مالدیپ ایشیا کا سب سے چھوٹا ملک کہلاتا ہے جس کا سمندر سمیت رقبہ 90ہزار مربع کلومیٹر جبکہ زمینی رقبہ صرف 298 مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔ آج سے 2 سال قبل 2022 کی مردم شماری کے مطابق مالدیپ کی کل آبادی کا تخمینہ 5لاکھ 15 ہزار 132 نفوس لگایا گیا ہے۔

Related Posts