کراچی میں جاری عالمی ثقافتی میلے کے دسویں روز جاپانی تھیٹر گروپ کے ڈرامے نے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔ 38 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کا اہتمام آرٹس کونسل آف پاکستان نے کیا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کلچر فیسٹیول کے دوران جاپانی تھیٹر گروپ نے کامیڈی ڈرامہ پیش کیا۔ 38روزہ میلے میں تھیٹر گروپ گومبو نے کامیڈی ڈرامہ آر یو لوِن اِٹ (کیا آپ کو یہ ڈرامہ پسند آرہا ہے؟) انگریزی زبان میں پیش کیا جسے مداحوں کی بڑی تعداد نے سراہا۔
کامیڈی ڈرامے کے دران جاپانی فنکاروں نے خوبصورت اور برجستہ جملوں سے سماں باندھ دیا۔ اس دوران اداکاروں کی حرکات و سکنات بھی عوامی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔ شاندار پرفارمنس پر ہال میں قہقہے بکھر گئے، عوام نے متعدد مواقع پر تالیاں بجا کر فنکاروں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
ڈرامہ آر یو لوِن اِٹ کا مرکزی خیال جاپانی تہذیب پر مغربی ممالک کے نمایاں اثرات ہیں جسے بلیک کامیڈی کی صورت میں بیان کیا گیا۔ ڈرامے کی کہانی خیالی تھیم پارک واک ڈونلڈز لینڈ میں پیش کی گئی اور اس دوران فاسٹ فوڈ کی صنعت کے عالمی اثرات کو بطور علامت پیش کیا گیا۔
مشرقی ثقافت سمیت دنیا بھر کی تہذیبیں مغربی ممالک کی اجارہ داری سے متاثر ہیں اور خاص طور پر تیسری دنیا کے ممالک اور جاپان سمیت ایشیائی مملکتوں میں مغربی ثقافت کو مجبوراً اپنا تو لیا گیا ہے لیکن آج بھی وہاں کے روایتی ذہن اسے غیر تہذیب کے طور پر دیکھتے ہیں اور قابلِ قبول نہیں سمجھتے۔
ایسے میں روایتی تھیٹر کی تکنیک بشمول کابوکی اور جاپانی تلوار کے کھیل کو جدید پاپ کلچر کے عناصر بشمول گوتھک لولیتا کے ساتھ ملا کر ناظرین و سامعین کو موجودہ دور کی جاپانی ثقافت کی منفرد جھلک پیش کی گئی۔ آرٹس کونسل میں جاری ورلڈ کلچرل فیسٹیول آئندہ ماہ 2نومبر تک جاری رہے گا۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی ثقافتی میلے کے ٹکٹس آرٹس کونسل کراچی اور ٹکٹ والا ڈاٹ کام پر دستیاب ہیں جنہیں آرٹس کونسل کے ممبران کو 50فیصد کی رعایت پر دیا جارہا ہے۔ عالمی میلے میں دنیا بھر کے متعدد ممالک سے فنکار، موسیقار اور آرٹسٹ حصہ لے رہے ہیں اور شائقین کا دل لبھا رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








