اسلام آباد: پاکستان میں بے شمار ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں سرمایہ کاری کررہی ہیں تاہم کچھ عرصے سے یہ تجزیہ سامنے آرہا ہے کہ غیر ملکی کمپنیاں پاکستان سے اپنا کاروبار لے جارہی ہیں یعنی ملک سے غیر ملکی سرمایہ کاری کم ہورہی ہے لیکن اس پراپیگنڈے میں کتنی سچائی ہے، یہ جاننا ضروری ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ فیکٹ چیک کے مطابق گزشتہ 18 ماہ کے دوران پاکستان میں کاروبار شروع کرنے والی غیرملکی کمپنیوں کی تعداد اپنے کاروبار کو بند کرنے والی کمپنیوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق عارف حبیب لمیٹڈ کے سی ای او شاہد علی حبیب اور ریسرچ ہیڈ طاہر عباس کی ’’پاکستانی معیشت: غیرملکی سرمایہ کاری کا انخلاء، افسانہ ہے، حقیقت نہیں‘‘ کے عنوان سے مشترکہ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔
ریسرچ کے مطابق گزشتہ 18 ماہ کے دوران پاکستان سے 11 غیرملکی کمپنیوں نے انخلاء کیا ہے، یا پھر انخلاء کا منصوبہ بنایا ہے، جبکہ ان کی جگہ لینے کے لیے 16 غیرملکی کمپنیاں تیار بھی ہوچکی ہیں ، اس طرح غیر ملکی سرمایہ کاری کا انخلاء درست بیانیہ نہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک سے غیر ملکی سرمائے کے انخلاء کا بیانیہ نہ صرف مس انفارمیشن ہے بلکہ حقائق کے بالکل برعکس ہے جبکہ مستقبل میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا مستقبل روشن ہے۔بہت سے عالمی سرمایہ کار متعدد شعبہ جات میں سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہیں
غیر ملکی سرمایہ کاری انرجی، مائننگ، ریفائنریز، کارپوریٹ فارمنگ اور ایکسپلوریشن سمیت دیگر شعبہ جات میں بڑھے گی، پاکستان کے میکرواکنامک اشاریوں کے بہتر ہونے کے بعد غیرملکی سرمایہ کاری میں تیزی آنے کے کافی روشن امکانات ہیں جن میں وقت کے ساتھ اضافہ ہوگا۔
رواں برس غیر ملکی سرمایہ کاری 17 فیصد اضافے کے ساتھ 1.9 ارب ڈالر رہی ہے جو کہ گزشتہ مالی سال 2023کے دوران 1.6 ارب ڈالر تھی، چین 568 ملین ڈالر، ہانگ گانک 359 ملین ڈالر کے ساتھ بڑے سرمایہ کار ہیں۔ سب سے زیادہ سرمایہ کاری پاور سیکٹر اور ایکسپلوریشن میں ہوئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








