اسلام آباد: وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کاری نے پاکستانی شہریوں کے لیے پاکستان کلائمٹ چینج اتھارٹی کے چیئرمین کے عہدے کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔
یہ کارپوریٹ ادارہ وزارت کے انتظامی کنٹرول میں کام کرتا ہے اور ملک میں موسمیاتی تبدیلی کی پالیسیوں اور ماحولیاتی پائیداری پر توجہ مرکوز رکھتا ہے۔
وزارت ایک تجربہ کار اور اہل فرد کی تلاش میں ہے جو پاکستان کلائمٹ چینج اتھارٹی کی قیادت کرے اور ملک میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مؤثر پالیسیاں اور حکمت عملی ترتیب دے۔ منتخب امیدوار کو قومی سطح پر ماحولیاتی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔
چیئرمین کے عہدے کے لیے درخواست دہندگان کے پاس کم از کم 15 سال کا تجربہ ہونا ضروری ہے جو موسمیاتی تبدیلی، ماحولیات یا متعلقہ شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے چکے ہوں۔
امیدوار کے پاس ماحولیاتی تبدیلی، ماحولیات، مالیات، مینجمنٹ سائنسز، ماحولیاتی انجینئرنگ، ماحولیاتی قانون یا پالیسی میں ماسٹرز یا پی ایچ ڈی کی ڈگری ہونی چاہیے۔ اس اسامی کا تعلق اسپیشل پروفیشنل پے اسکیل سے ہے جبکہ امیدوار کی زیادہ سے زیادہ عمر 62 سال مقرر کی گئی ہے۔
ایسا شخص چیئرمین کے عہدے کے لیے اہل نہیں ہوگا جو کسی بدعنوانی یا اخلاقی بدعنوانی کے جرم میں سزا یافتہ ہو، کسی محکمانہ کارروائی کے نتیجے میں ملازمت سے برطرف کیا گیا ہویا جس نے قومی مفاہمتی آرڈیننس 2007 سے فائدہ حاصل کیا ہو۔
تمام درخواستیں نیشنل جاب پورٹل کے ذریعے 15 دن کے اندر جمع کرانا ضروری ہیں۔ سرکاری ملازمین مناسب چینل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں اور ان کا انتخاب سرکاری پالیسی کے تحت کیا جائے گا۔
منتخب امیدوار کو یہ حلف نامہ جمع کرانا ہوگا کہ ان کا اس عہدے سے کوئی مفاداتی ٹکراؤ نہیں ہے۔ صرف شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔
وزارت کسی بھی وجہ کے بغیر اس عہدے کو پر نہ کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔ انٹرویو کے لیے کسی امیدوار کو سفری یا دیگر اخراجات کی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔
چیئرمین کی تقرری پاکستان کلائمٹ چینج ایکٹ 2017 اور متعلقہ قوانین و پالیسیوں کے مطابق ہوگی۔ مزید تفصیلات اور شرائط و ضوابط وزارت کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








