جولی ایل ایل بی 3 سے متعلق وہ سب جو آپ جاننا چاہتے ہیں

تازہ ترین

تازہ ترین

Jolly LLB 3: Everything you need to know
ONLINE

بولی وڈ کی مقبول کورٹ روم ڈرامہ فلم جولی ایل ایل بی کا تیسرا حصہ 3 آج 19 ستمبر کو ریلیز کر دیا گیا جس میں مرکزی کردار اکشے کمار اور ارشد وارثی نے ادا کیے ہیں۔

ریلیز کے ساتھ ہی فلم کو شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ہے اور سوشل میڈیا پر دونوں اداکاروں کی تعریفیں ہو رہی ہیں۔

فلم میں اکشے کمار اور ارشد وارثی ایک دوسرے کے مخالف وکیلوں کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ سیریز کے پہلے حصے میں ارشد وارثی کا کردار مرکزی تھا جب کہ دوسرے حصے میں اکشے کمار نے ان کی جگہ لی تھی۔ اب تیسرے حصے میں دونوں کا آمنے سامنے آنا مداحوں کے لیے نہایت دلچسپ اور اہم لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔

 

یہ فلم صرف کامیڈی اور تفریح سے بھرپور نہیں بلکہ ایک اہم سماجی پیغام بھی دیتی ہے۔ کہانی بھارتی کسانوں کے مسائل اور ان کی ابتر حالت پر مبنی ہے۔ بھارت جو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار ہے، وہاں کسان غربت اور مسائل کے باعث خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔

کہانی کا آغاز بھارتی ریاست راجستھان کے ایک کسان کی خودکشی سے ہوتا ہے، جو زمین چھن جانے کے بعد انتہائی مایوسی میں اپنی جان دے دیتا ہے۔ اس کی بیوہ ملک کے امیر ترین شخص کے خلاف مقدمہ دائر کرتی ہے، جس کے نتیجے میں اکشے کمار اور ارشد وارثی عدالت میں آمنے سامنے آ جاتے ہیں۔

تقریباً ڈھائی گھنٹے پر مشتمل یہ فلم کامیڈی کے ساتھ ساتھ ایک مؤثر سماجی ڈرامہ بھی قرار دی جا رہی ہے۔ اکشے کمار اور ارشد وارثی کے ساتھ امریتا راؤ، سوربھ شکلا، ہما قریشی، بومن ایرانی اور انوپم کپور کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا ہے۔

فلم کا ٹریلر 9 ستمبر کو جاری کیا گیا تھا جس میں کامیڈی کے رنگ نمایاں تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریلیز کے بعد فلم کو نہ صرف ہارڈ ہٹنگ بلکہ تفریح اور سماجی حقیقتوں سے جڑی ایک بہترین فلم قرار دیا جا رہا ہے۔

Related Posts