اسلام آباد: اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم بن الحسین دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
شاہ عبداللہ دوم کا یہ دورہ 15 اور 16 نومبر تک جاری رہے گا جسے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، معاشی اور دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے راولپنڈی میں واقع پاک فضائیہ کے ائیر بیس نور خان پر شاہ عبداللہ دوم کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستانی اور اردنی حکام بھی موجود تھے۔ شاہ عبداللہ دوم کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائیگا۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق شاہ عبداللہ دوم اپنے دورے کے دوران پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں خطے کی صورتحال، اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات، دفاعی تعاون، سرمایہ کاری، تجارت اور فلسطین کے موجودہ بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال شامل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اس دورے میں پاکستان اور اردن کے درمیان کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے جن کا تعلق سیکورٹی تعاون، دفاعی تربیت، تعلیم، سیاحت اور ثقافتی تبادلوں سے ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور اردن کے درمیان دیرینہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ملک عالمی و علاقائی معاملات پر ایک دوسرے کے قریب مؤقف رکھتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق شاہ عبداللہ دوم کا یہ دورہ موجودہ عالمی حالات میں پاکستان کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








