جے یو آئی اور وفاق المدارس کا مولانا ڈاکٹر امجد کی وفات پر اظہار افسوس

تازہ ترین

تازہ ترین

جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ اور وفاق المدارس کے رہنماؤں نے معروف مبلغ مولانا ڈاکٹر امجد کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی وفات کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو، مولانا عبدالکریم عابد، محمد اسلم غوری، مولانا سمیع الحق سواتی نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا ڈاکٹر امجد علی بہت بڑے اور علمی انسان تھے۔ انہوں نے ساری زندگی دین کی خدمت کی۔

یہ بھی پڑھیں:

سابق وزیر اعظم کے صاحبزادے ممتاز عالم دین مولانا ڈاکٹر امجد کراچی میں سپرد خاک

علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ ڈاکٹر امجد علی مرحوم اپنی ذات میں ایک تحریک کا نام تھا ان کی علمی تصنیفی اور دعوتی خدمات سے پورا عالم اسلام مستفید ہوتا رہا ہے۔
انہوں کہا کہ ڈاکٹر امجد علی مرحوم تو راہ حق کے راہی ہوگئے لیکن ان کا عظیم مشن ہم نے مل کر جاری رکھنا ہے۔ مولانا ڈاکٹر امجد علی کی دینی علمی اور سماجی خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گی۔

وفاق المدارس کے میڈیا کوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق مولانا ڈاکٹر امجد علی کے انتقال پر قائدین وفاق المدارس مولانا مفتی محمد تقی عثمانی،مولانا انوار الحق حقانی،مولانا محمد حنیف جالندھری،مولانا عبیداللہ خالد،مولانا سید سلیمان بنوری،مولانا سعید یوسف،مولانا امداداللہ یوسف زئی،مولانا حسین احمد،مولانا قاضی عبدالرشید،مولانا صلاح الدین ایوبی سمیت دیگر نے انتہائی گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے بڑا سانحہ قرار دیا۔

قائدین نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب نے ہمہ جہت دینی، علمی، سماجی اور عربی تعلیم کی ترویج واشاعت میں نمایاں خدمات انجام دیں، ان کی رحلت سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ پر نہیں ہوسکتا، ان کا انتقال بڑا نقصان ہے۔ علماء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے اہل خانہ،اعزہ و اقارب،تلامذہ اور متعلقین ومتوسلین کو صبر عطاء فرمائے،اور ان کے درجات بلند فرمائے۔

Related Posts