بجلی سے دور رہیں! کراچی میں بارش کے دوران کے الیکٹرک کا شہریوں کو احتیاط کا مشورہ

تازہ ترین

تازہ ترین

K-Electric issues safety advisory rainy weather in Karachi
ONLINE

کراچی میں جاری موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کے پیش نظر کے الیکٹرک نے شہریوں کو بجلی کے آلات کے استعمال میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

ادارے کے ترجمان کے مطابق بارش اور کھڑے پانی کے دوران برقی آلات خصوصاً پانی کی موٹریں اور دیگر بجلی سے چلنے والے سامان کا غیر محتاط استعمال جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ شہری ٹی وی اور انٹرنیٹ کیبلز، ٹوٹی ہوئی تاروں اور کھمبوں سمیت بجلی کی دیگر تنصیبات سے فاصلہ اختیار کریں۔ اس کے علاوہ غیر قانونی کنڈوں اور بجلی کے غیر محفوظ ذرائع کے استعمال سے بھی مہلک حادثات پیش آ سکتے ہیں۔

کے-الیکٹرک نے بتایا کہ نشیبی علاقوں میں جہاں بارش کا پانی زیادہ جمع ہو جائے وہاں حفاظتی اقدامات کے تحت بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کی جا سکتی ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

مزید کہا گیا کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور فیلڈ اسٹاف ہائی الرٹ پر موجود ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں منگل کی صبح سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

طارق روڈ، عزیز آباد، شارع قائدین، بوٹ بیسن، لیاقت آباد، حسن اسکوائر، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، کلفٹن، ڈیفنس، قیوم آباد، شارع فیصل، ایئرپورٹ، قائد آباد، ملیر، لانڈھی اور کورنگی سمیت دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، فیڈرل بی ایریا، اسکیم 33، صفورا چورنگی، ملیر کینٹ، نارتھ کراچی، منگھوپیر، سرجانی ٹاؤن اور تیسر ٹاؤن میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ نارتھ ناظم آباد اور اطراف کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش ہوئی۔

ماہرینِ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

Related Posts