کراچی: نیوسبزی منڈی کے قریب 3سالہ بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق، لاش برآمد

تازہ ترین

تازہ ترین

مین ہول
(فوٹو: آن لائن)

کراچی میں معصوم بچوں  کے مین ہول میں گرنے کے واقعات نہ رک سکے، نیو سبزی منڈی کے قریب 3 سالہ بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ نیو سبزی منڈی کے قریب فقیرا گوٹھ میں پیش آیا۔ 3سالہ احسن گھر کے قریب ہی دوسرے بچوں کے ساتھ کھیل رہا تھا، جسے گزشتہ شب آخری بار کھیلتے ہوئے دیکھا گیا۔ احسن رات کو گھر نہ پہنچا تو والدین نے تلاش شروع کردی۔

بعد ازاں یہ انکشاف سامنے آیا کہ بچہ گزشتہ رات ہی گٹر میں گرا تھا۔ والدین کو بچے کی لاش مین ہول سے ملی، جس پر ڈھکن موجود نہیں تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ احسن اتوار اور پیر کی درمیانی شب اپنے دوستوں کے ساتھ کھیل رہا تھا، جس کے بعد اس کے دوست تو گھر پہنچ گئے لیکن احسن گھر نہیں پہنچا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بچہ جس مین ہول میں گرا تھا، اسی مین ہول کے پانی میں بچے کی لاش ابھر کر اوپر آگئی۔ چیئرمین سہراب گوٹھ لالا رحیم کا کہنا ہے کہ یہ ہماری نہیں، واٹر بورڈ کی غفلت ہے اور رمضان کے دوران بھی اس مین ہول میں ایک بچہ گر گیا تھا، اس کے باوجود ایکشن نہیں لیا گیا۔

Related Posts