کراچی ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت شدید متاثر، متعدد فلائٹس تاخیر کا شکار

تازہ ترین

تازہ ترین

Jeddah-Islamabad flight escapes major accident at Islamabad airport
FILE PHOTO

کراچی میں گزشتہ روز کی شدید بارشوں اور خراب موسم کے باعث جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا جس کے نتیجے میں درجنوں ملکی اور غیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ بعض پروازیں منسوخ بھی کر دی گئیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح کم از کم 12 پروازیں اپنے مقررہ وقت پر روانہ نہ ہو سکیں۔

عراق ایئرلائنز کی نجف جانے والی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر کے بعد صبح 6 بجے روانہ ہوئی جبکہ ایئر بلیو کی جدہ جانے والی پرواز پی کے 170تقریباً سات گھنٹے کی تاخیر کے بعد روانہ کی گئی۔

اسی طرح قطر ایئر ویز کی دوحہ، فلائی دبئی کی دبئی اور اتحاد ایئر ویز کی ابوظہبی جانے والی پروازیں بھی تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئیں۔

ملکی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی سکردو جانے والی پرواز 455 ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی جبکہ سرین ایئر کی لاہور جانے والی پرواز 520 تیس منٹ بعد اڑی۔ پی آئی اے کی اسلام آباد جانے والی پرواز 300 بیس منٹ کی تاخیر کا شکار ہوئی۔

ایئرسیال کی اسلام آباد جانے والی پرواز 121، جو صبح 7 بجے روانہ ہونا تھی، تاحال نہ اڑ سکی جبکہ پی آئی اے کی لاہور جانے والی پرواز 302 بھی صبح 8 بجے کے شیڈول کے باوجود رکی رہی۔

اسی دوران گوادر جانے والی پی آئی اے کی پرواز 503 منسوخ کر دی گئی۔ سعودی ایئرلائن کی جدہ جانے والی پرواز (701) بھی ایک گھنٹہ تاخیر کے بعد صبح 10:10 بجے روانہ ہوئی۔

شہر میں مسلسل بارشوں کے بعد صرف فضائی آپریشن ہی نہیں بلکہ بجلی کا بحران بھی شدت اختیار کر گیا ہے۔ کے الیکٹرک کے 98 فیڈرز بدستور بند ہیں جس کے باعث کئی علاقے بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔

سرجانی ٹاؤن، یوسف گوٹھ، معین آباد، اسکیم 33 اور بلدیہ سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، بن قاسم، گلشنِ حدید، منگھوپیر اور رزاق آباد میں بھی بجلی بحال نہ ہو سکی۔

رامسوامی، اردو بازار اور ایم اے جناح روڈ جیسے علاقوں میں شہری 48 گھنٹوں سے بجلی کی بندش جھیل رہے ہیں۔ بجلی کی طویل غیر موجودگی کے باعث پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے جس سے عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

Related Posts