کراچی دھماکا، علامہ راشد سومرو اظہار تعزیت کرنے چینی قونصلیٹ پہنچ گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو جے یو آئی سندھ

جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر جے یو آئی سندھ کے اعلیٰ سطحی وفد نے چینی قونصلیٹ کراچی کا تعزیتی دورہ کیا اور کراچی حملے میں چینی انجینئرز کی ہلاکت پر چینی قونصلر جنرل سے اظہار افسوس کیا۔

 جے یو آئی کے وفد کی قیادت صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کی، وفد نے چینی قونصل جنرل مسٹر یانگ یونڈونگ سے ملاقات کی اور  کراچی ایئرپورٹ دھماکے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا۔

وفد میں جے یو آئی رہنما مولانا عبد الکریم عابد، علامہ سمیع سواتی، قاری محمد عثمان، مولانا محمد غیاث، حاجی عبدالغفار بھٹو ودیگر شامل تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ راشد سومرو نے کہا کہ کراچی ایئرپورٹ پر چینی انجینئرز کے قافلے پر حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت سے دلی دکھ ہوا۔

ایسے بزدلانہ حملوں سے پاک چائنا دوستی کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔ چینی باشندوں پر حملہ سفاکیت اور بزدلی کی انتہا ہے۔ ملوث عناصر کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے

انہوں نے کہا کہ پاک چائنا دوستی لازوال اور ہمالیہ سے بلند ہے، اس پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ مولانا فضل الرحمٰن کے حکم پر جےیوآئی وفد سانحے پر اظہار  افسوس کرنے حاضر ہوئے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ چینی باشندوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ جے یو آئی کی قیادت اور کارکنان چائنیز گورنمنٹ اور غمزدہ خاندانوں کیساتھ کھڑے ہیں۔

بعد ازاں علامہ راشد محمود سومرو نے چینی قونصل خانے میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں مولانا فضل الرحمٰن کی طرف سے تعزیتی تاثرات بھی درج کئے۔

Related Posts