کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اتوار کے روز سفاری پارک میں پاکستان کے سب سے بڑے اور جدید ترین ٹرامپولین پارک کا افتتاح کیا۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے مطابق یہ پارک اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اور جدید تفریحی منصوبہ ہے، جسے شہریوں کے لیے کم نرخوں پر یقینی بنایا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سفاری پارک طویل عرصے سے عدم توجہی اور سہولیات کی کمی کا شکار تھا، مگر اب اسے از سرِ نو بحال کیا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق کے ایم سی کی گزشتہ دو سال کی محنت اور منصوبہ بندی کے مثبت نتائج اب عوام کے سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج سفاری پارک میں ہر ہفتے کے اختتام پر سینکڑوں خاندان آتے ہیں، جو عوام کے اعتماد اور بلدیاتی انتظامیہ کی سنجیدگی کا مظہر ہے۔
Big news for Karachiites!
Pakistan’s largest city now proudly hosts the country’s biggest trampoline park — packed with fun, energy, and excitement!
Mayor @murtazawahab1 along with Deputy Mayor @SalmanAMurad , inaugurated the park — spreading smiles and joy among children. pic.twitter.com/QhHCOJq54O
— Karachi Metropolitan Corporation (@KmcPakistan) October 5, 2025
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ اقدام شہر بھر میں کھیل اور تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کے وسیع منصوبے کا حصہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ کراچی میں دو دیگر ٹرامپولین پارکس بھی موجود ہیں، تاہم سفاری پارک میں تعمیر ہونے والا نیا پارک معیار، حفاظت اور تفریحی سہولیات کے لحاظ سے ملک بھر میں اپنی مثال آپ ہے۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ کے ایم سی انتظامیہ بچوں اور نوجوانوں کے لیے صحت مند اور محفوظ تفریحی مقامات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ کراچی کے شہریوں کو عالمی معیار کی تفریحی سہولیات تک رسائی حاصل ہو۔
ان کے بقول سفاری پارک کا یہ منصوبہ نہ صرف عوامی تفریح کے لیے ایک اہم قدم ہے بلکہ شہریوں کے ذہنی و جسمانی اطمینان میں بھی مثبت کردار ادا کرے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








