وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سول ڈیفنس کے ملازمین کی تنخواہوں میں 15 ہزار روپے اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کاہ کہ پنجاب میں سول ڈیفنس کے اہلکاروں کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ وہ مزید جذبے سے اپنی ڈیوٹی انجام دے سکیں۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مون سون کے دوران پنجاب میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوئیں جس کے باعث شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔ اس دوران کچھ حلقوں نے پنجاب پر تنقید کی مگر حقیقت یہ ہے کہ صوبہ پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے پنجاب میں 47 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے۔ اس کے باوجود حکومت پنجاب نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں لیکن کچھ لوگ حکومت کے اچھے کاموں سے خائف ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں کچھ لوگ صرف باتیں کرتے ہیں جبکہ پنجاب حکومت نے عملی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اپنا گھر، اپنی چھت اسکیم کے تحت اب تک 90 ہزار گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کو اس بات کی توقع نہیں تھی کہ پنجاب کو اس مشکل وقت میں سیاسی تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سیلاب جیسے حساس مسئلے کو بھی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








