کراچی: شہر میں انسداد جرائم کے دوران پولیس کے ڈاکوؤں سے پولیس کے 11 مقابلے ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں 1ڈاکو ہلاک جبکہ 10 زخمی ڈاکوؤں سمیت 13 ڈاکوؤں کو گرفتارکیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تھانہ پاک کالونی کی حدود میں ڈکیتی کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کو روکنے پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں شاہیں فورس میں تعینات پولیس کانسٹیبل نہال شہید ہوگیا۔
مجموعی طور پر پولیس مقابلوں میں گرفتار ملزمان سے 12 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ، 04 موٹر سائیکلیں اور 17 موبائل فونز برآمد کیئے گئے جبکہ برآمد اسلحہ کو فارنزک کیلئے روانہ کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے گزشتہ ہفتے کے دوران کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساوتھزونز میں چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 927 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔پولیس کی جانب سے منشیات کیخلاف جاری مہم کے دوران مختلف علاقوں سے لاکھوں روپے مالیت کی 94 کلو 616 گرام چرس، 01 کلو 65 گرام ہیروئین اور 02 کلو 593 گرام آئس برآمد کی گئی۔
گرفتار اسٹریٹ کرمنلز سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 139 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن تحویل میں لے لیا گیا۔
ضلع ایسٹ پولیس تھانہ گلستان جوہر نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم میں ملوث گینگ کے چار ملزمان کو گرفتار کر کے شہری سے اسلحہ کے زور پر چھینی ہوئی کرولہ کار نمبر BSY-013 برآمد کی اور ملزمان سے اسلحہ بمعہ راؤنڈ، چھینا ہوا لیپ ٹاپ بیگ، چھینے ہوئے 08 عدد موبائل فونز اور نقدی برآمد کی۔
ضلع سٹی پولیس تھانہ نبی بخش نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران 6 رکنی ڈکیت گروپ کے 3 انتہائی مطلوب اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کر کے ناجائز اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی۔
ضلع سینٹرل تھانہ اجمیر نگری پولیس نے گھروں اور دوکانوں میں ڈکیتی و چوری کرنے والے بین الصوبائی گروہ کے آٹھ ملزمان میں سے پانچ ملزمان کو چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا نیز ملزمان کے قبضہ سے غیر قانونی اسلحہ، گیٹ گرل، تالا کاٹنے کا کٹر، لوہے کی راڈ اور 01 رکشہ برآمد کیا گیا۔
کراچی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر چھینی و چوری شدہ 62 موٹرسائیکلیں اور04 گاڑیاں تحویل میں لیں۔
مزید پڑھیں:احتجاج کے نام پر تشدد، عمران خان سمیت 78 پی ٹی آئی رہنماؤں پر 8مقدمات درج
کراچی پولیس کی جانب سے جرائم کے خاتمے، امن وامان کی بحالی اور عوام کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات جاری رہیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








