کراچی: شہر قائد میں بارشوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے جبکہ کئی افراد اب بھی لاپتہ ہیں ،بدھ کو مزید تین افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے گڈاپ ٹاؤن کے علاقے سے ایک مرد اور ایک خاتون کی لاشیں برآمد کیں۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چار افراد کو لے جانے والی ایک وین بارش کے پانی میں بہہ کر ندی میں جا گری۔ جاں بحق افراد کی شناخت 60 سالہ نابو گلاب اور 45 سالہ جاوید شاہ کے ناموں سے ہوئی۔ دیگر دو مسافروں کی تلاش تاحال جاری ہے۔
صحت کے حکام کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک سی سے 18 سالہ احمد قادر کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی جو کرنٹ لگنے کے باعث ہلاک ہوا تھا۔
ایک اور واقعے میں ریسکیو 1122 نے اطلاع دی کہ ملیر ندی میں لاپتہ ہونے والے دو افراد میں سے ایک کو زندہ بچا لیا گیا۔ ریسکیو کیے گئے شخص کی شناخت مصطفیٰ علی گل کے نام سے ہوئی ہے جبکہ فرحان اکرم ابھی تک لاپتہ ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد اور ڈپٹی کمشنر ملیر بھی موجود تھے۔
مزید برآں، سندھ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ریسکیو 1122 نے دو افراد کو لیاری ندی سے بھی محفوظ نکال لیا، جو بارش کے پانی میں پھنس گئے تھے۔
شہر بھر میں بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث ریسکیو آپریشنز تیز کر دیے گئے ہیں تاہم مسلسل بارش اور پانی کے دباؤ نے امدادی کاموں کو مشکل بنا دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








