کراچی کے علاقے ڈیفنس اور داؤد چورنگی میں تیزرفتار ٹریلرز نے 2 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، دو مختلف حادثات کے نتیجے میں 1 بچہ اور 2 نوجوان دوست جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک افسوسناک واقعہ ڈیفنس فیز 2 میں پیش آیا جہاں ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار دو نوجوان جاں بحق ہوگئے جو آپس میں دوست تھے اور کورنگی کی پی این ٹی کالونی میں رہائش پذیر تھے۔ جاں بحق نوجوانوں کی شناخت حمزہ اور سمیر کے ناموں سے ہوئی۔
اہل خانہ کے بیان کے مطابق حمزہ اور سمیر مویشی منڈی جانے کیلئے گھر سے نکلے تھے جنہیں ٹریلر نے ٹکر مار دی۔ پولیس نے حادثے کی وجوہات سمیت دیگر اہم عوامل پر تفتیش کا آغاز کردیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد فرار ہونے والے ٹریلر ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
دریں اثناءکراچی کے علاقے لانڈھی میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں لانڈھی کے علاقے داؤد چورنگی پر ٹرالر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ایک کمسن بچہ جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق بچہ ماموں کے ساتھ موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا۔
خوفناک حادثے کے نتیجے میں بچہ جان کی بازی ہار گیا، تاہم بچے کے ماموں کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا سبب بننے والے تیزرفتار ٹریلر کو قبضے میں لے لیا گیا ہے جبکہ ٹریلر ڈرائیور کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جس سے حادثے کے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








