ملک بھر کے تاجر مہنگائی اور ٹیکس پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ 28 اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی، کراچی کی تاجر تنظیموں نے بھی حمایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی تاجر تنظیموں نے مشترکہ مشاورتی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کی۔ صدر کیڈا رضوان عرفان نے کہا کہ 28اگست کو تمام چھوٹی بڑی مارکیٹس شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں گی۔ شہر کے تاجر 60 ہزار روپے ماہانہ جبری ٹیکس دینے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
پریس کانفرنس کے دوران رضوان عرفان نے کہا کہ تاجروں سے ٹیکس آمدنی پر وصول کیا جائے۔ تاجر رہنما شرجیل گوپلانی کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے نوٹسز بند نہ ہوئے تو آئندہ ہفتے سے بینکس سے ڈیپازٹس نکال لیں گے، حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث 467 پاکستانی کمپنیاں دبئی چیمبر میں رجسٹر ہوگئیں۔
شرجیل گوپلانی نے کہا کہ ہم 28اگست کی شٹر ڈاؤن ملک گیر ہڑتال کے حامی ہیں۔ ماہانہ انکم ٹیکس 5 ہزار روپے سے زائد نہیں ہونا چاہئے۔ اسی دوران چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے کہا کہ مسائل حل کرنے کیلئے ایک چھتری کے نیچے آنا ہوگا۔ تاجر دوست اسکیم جبری نافذ کی جارہی ہے۔
چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد نے کہا کہ اختلافات بھلا کر شٹر ڈاؤن ہڑتال کامیاب کریں گے۔ 28 اگست کی ہڑتال تاجروں کی جدوجہد کا دن ہوگا۔ واضح رہے کہ مرکزی تنظیم تاجران اور آل پاکستان انجم تاجران تاجر دوست اسکیم، آئی پی پیز سے معاہدوں اور مہنگی بجلی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








