محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی تیسری لہر جمعہ سے کراچی میں داخل ہونے جا رہی ہے جس کے نتیجے میں شہر میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہے گا جبکہ رات کے اوقات میں ہلکی بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 درجے سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت 69 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جنوب مغرب کی سمت سے ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
دوسری جانب کشمیر، اسلام آباد، پوٹھوہار کے علاقے، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے بیشتر مقامات پر آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار یا بہت تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
وسطی اور جنوبی پنجاب، نیز شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان کے علاقوں میں بھی کہیں کہیں بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور کوئٹہ 24 درجے سینٹی گریڈ، لاہور 28، کراچی 30، پشاور 26، گلگت 18، مری 14، اور مظفرآباد 23 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سری نگر، جموں، لیہ، پلوامہ، اننت ناگ، شوپیاں اور بارہ مولہ میں مطلع ابر آلود رہنے، بارش اور تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سری نگر 18، جموں 28، لیہ 11، پلوامہ اور اننت ناگ 17، شوپیاں 16 اور بارہ مولہ 21 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








