کراچی میں کمسن بچے کا مین ہول میں گرنے کا واقعہ، عوام کا شدید احتجاج، سرچ آپریشن معطل

تازہ ترین

تازہ ترین

Karachi toddler manhole fall
ONLINE

کراچی کے علاقے گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب تین سالہ معصوم ابراہیم کے کھلے مین ہول میں گرنے کے افسوسناک واقعے کو ایک مکمل رات گزر جانے کے باوجود بچہ تاحال نہیں مل سکا۔

ریسکیو اہلکاروں نے پوری رات تلاش کا عمل جاری رکھا تاہم کوئی کامیابی نہ ملنے پر علاقے کے عوام شدید غم و غصے کا اظہار کرنے لگے اور حکومت کے خلاف احتجاجی نعرے بلند کیے۔

علاقے میں صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب مشتعل مظاہرین نے میڈیا پرسنز اور گاڑیوں پر پتھراؤ کیا، جس کے نتیجے میں متعدد صحافی زخمی ہوئے جبکہ ایک ڈی ایس این جی وین کو بھی نقصان پہنچا۔

عوام نے غصے میں ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کر دیں جس کے باعث ٹریفک مکمل طور پر جام ہوگیا۔ بچے کے پریشان حال والدین سمیت بڑی تعداد میں شہری موقع پر موجود رہے اور ریسکیو آپریشن کی بحالی کا مطالبہ کرتے رہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق بچہ اپنے والدین کے ہمراہ خریداری کے لیے آیا تھا، جہاں باہر نکلتے ہی وہ سڑک کی جانب بھاگا اور کھلے مین ہول میں جا گرا جس پر ڈھکن موجود نہیں تھا۔ حکام نے بتایا کہ اسی غفلت نے یہ المناک حادثہ جنم دیا۔

ترجمان حکومت سندھ سعدیہ جاوید نے واقعے پر فوری انکوائری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مین ہول کھلا کیوں چھوڑا گیا، اس کا ذمہ دار کون ہے، اس کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ نااہلی اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ڈپٹی میئر کراچی نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور بچے کی تلاش کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ غفلت ثابت ہونے کی صورت میں کسی کو بھی معاف نہیں کیا جائے گا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے واقعے پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Related Posts