کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں ڈاکوؤں نے بیوپاری سے 5لاکھ روپے لوٹ لیے، متأثرہ شخص کو 3 ڈاکوؤں نے گھیر کر تسلی سے لوٹ مار کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ روز بھینس کالونی نمبر 5 میں پیش آیا۔ ڈاکوؤں نے دن دہاڑے بیوپاری عبدالرسول سے 5لاکھ روپے کی خطیر رقم لوٹ لی۔ ملزمان نے مزاحمت کرنے پر بیوپاری پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 5لاکھ روپے سے محروم بیوپاری زخمی ہوگیا۔ موٹر سائیکل سوار بیوپاری کو 3ڈاکوؤں نے گھیرا جو خود بھی موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو بیوپاری سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بیوپاری کے مزاحمت کرنے پر ڈاکو فائرنگ کرکے متأثرہ شخص کو زخمی کردیتے ہیں اور رقم لوٹ کر فرار ہوجاتے ہیں۔ سکھن پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے شناخت کرکے جلد گرفتار کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








