کراچی میں پانی کا بحران تاحال ختم نہ ہو سکا، شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 15 دن سے پانی کی فراہمی معطل ہے جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں اور مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شدید گرمی کے باعث پانی کی طلب میں اضافہ ہو چکا ہے، مگر واٹر کارپوریشن کی جانب سے مبینہ غفلت اور تاخیر کے باعث صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔ شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 27 اپریل کو بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث لائن نمبر ایک، دو اور پانچ متاثر ہو گئی تھیں۔ اگرچہ دیگر لائنوں پر کام مکمل کر لیا گیا، تاہم لائن نمبر دو کی مرمت تاحال مکمل نہیں ہو سکی، جس کے باعث پانی کی فراہمی بری طرح متاثر ہے۔
متاثرہ علاقوں میں کورنگی، لانڈھی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، گلبرگ، لیاقت آباد، ناظم آباد، پی آئی بی کالونی، اولڈ سٹی ایریا، محمود آباد سمیت متعدد علاقے شامل ہیں جہاں شہری شدید پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق لائن نمبر دو کی مرمت آئندہ 24 گھنٹوں میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر کو روزانہ 610 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ صرف 40 لاکھ گیلن پانی کی کمی ہے، اور امید ہے کہ جلد صورتحال معمول پر آ جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








