کراچی میں پولیس اہلکار کا گریبان پکڑنے والا نوجوان خاتون ایس ایس پی کا بیٹا نکلا۔ پولیس نے ایس ایس پی نسیم آرا پنہور کے بیٹے کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ یہ ایکشن واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ریپیڈ رسپانس فورس کی ایس ایس پی نسیم آرا پنہور کے بیٹے نے پولیس اہلکار سے بدتمیزی کی۔ ڈیفنس میں پولیس نے اس کی گاڑی اسنیپ چیکنگ کیلئے روکی تھی۔نوجوان نے پرائیویٹ گاڑی پر سرکاری نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی۔
پولیس نے سرکاری نمبر پلیٹ والی پرائیویٹ گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا۔ خاتون پولیس افسر اپنے شوہر اور بیٹے کے ہمراہ تھانہ ڈیفنس پہنچی تھیں۔ خاتون پولیس افسر کے بیٹے نے غیر قانونی طور پر والدہ کو الاٹ کی گئی نمبر پلیٹ لگائی تھی۔
نوجوان نے گاڑی روکنے پر پولیس اہلکار کے یونیفارم پر ہاتھ ڈالا۔ یہی عمل کوئی عام شخص کرتا تو اس پر تشدد کرنے کے ساتھ ساتھ ایف آئی آر بھی درج کی جاتی، تاہم نوجوان کی پولیس اہلکار سے بدسلوکی کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق خاتون پولیس افسر نے ڈیفنس تھانے جا کر بالا حکام سے بات کرنے کی دھمکی دی۔ ایس ایس پی نسیم آرا پنہور نے ایس ایس پی ساؤتھ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔ خاتون پولیس افسر کے روئیے سے بالا حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








