کراچی لٹریچر فیسٹیول (KLF) کا 17واں ایڈیشن رواں سال 6 سے 8 فروری تک بیچ لگژری ہوٹل، کراچی میں منعقد ہوگا، جس میں ملک اور بیرونِ ملک سے نامور ادیب، شاعر، دانشور اور محققین حصہ لیں گے۔
اس سال فیسٹیول کا موضوع “Literature in a Fragile World” رکھا گیا ہے، جہاں یہ جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ کہانیاں، شاعری اور تنقیدی سوچ سماجی، سیاسی اور ثقافتی عدم استحکام کے عالم میں انسانی جذبات اور تجربات کی کس طرح ترجمانی کرتی ہیں۔
آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے زیرِ اہتمام ہونے والے اس فیسٹیول میں 8 ممالک کے 200 سے زائد مندوبین شریک ہوں گے، اور 90 سے زائد سیشنز منعقد ہوں گے۔ اس دوران 28 کتابوں کی تین زبانوں میں رونمائی، دو دستاویزی فلمیں اور دو فیچر فلمیں بھی پیش کی جائیں گی۔
فیسٹیول میں سینیٹر شیری رحمان، محمد حنیف، ناصر عباس نیر اور خورشید رضوی کے کلیدی خطابات شامل ہوں گے، جبکہ ملک و بیرونِ ملک کے ممتاز ادیب، شاعروں، ناقدین اور دانشور بھی اپنی فکری اور ادبی مہارت سے سامعین کو محظوظ کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








