کراچی میں کورنگی روڈ پر ایک گھنٹے کے اندر دو المناک ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں ایک خاتون سمیت دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک اور خاتون زخمی ہوئی۔
پہلا حادثہ نادرہ میگا سینٹر کے قریب پیش آیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ٹرک تیزی سے سڑک پر دوڑ رہا تھا۔ مصروف شاہراہ پر ٹرک کا ڈرائیور قابو کھو بیٹھا جس نے ایک موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا اور ایک رکشے سے جا ٹکرایا۔ سڑک پر ٹریفک ہونے کے باوجود ٹرک کی رفتار غیر معمولی طور پر تیز تھی۔ اس حادثے میں موٹر سائیکل سوار جو کہ ایک سیکیورٹی گارڈ تھا، موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ رکشے میں سوار ایک خاتون زخمی ہوئی۔
دوسرا حادثہ قیوم آباد کے قریب پیش آیا جہاں ایک بس نے ایک پیدل خاتون کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئی۔ پولیس کے مطابق، دونوں حادثات میں ملوث ٹرک اور بس ڈرائیورز کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ دلخراش واقعات نہ صرف انسانی جانوں کا ضیاع ہیں بلکہ ٹریفک نظمِ و ضبط کی ناکامی کا گہرا ثبوت بھی ہیں۔عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ تیز رفتار اور بھاری گاڑیوں پر پابندیاں لگائیں جائیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرائیورز کی تربیت اور گاڑیوں کی معیاری حالت کو یقینی بنایا جائے جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں دی جائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








