بھارتی ظلم و جبر کیخلاف آزادی کے نعرے، مظلوم کشمیری یومِ حقِ خود ارادیت آج منا رہے ہیں

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں، بالخصوص ایل او سی کے دونوں طرف مظلوم کشمیری مقبوضہ وادی پر شب خون مار کر ناجائز قبضہ کرنے والے بھارت کے خلاف یومِ حقِ خود ارادیت آج منا رہے ہیں، آج سے ٹھیک 77 سال پہلے اقوامِ متحدہ نے مقبوضہ کشمیر کے حق میں ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی۔

آج سے 77سال قبل اقوامِ متحدہ کے ادارے سلامتی کونسل نے مظلوم کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کو 5 جنوری 1949 کو تسلیم کرتے ہوئے استصوابِ رائے کے ذریعے کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا جو عالمی قوانین کے عین مطابق ہے تاہم غاصب بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی پر قبضہ جما لیا۔

دوسری جانب کشمیری قوم کو حقِ خود ارادیت دینے کا دعویٰ کرتی سلامتی کونسل قرارداد کی یاد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر، آزاد کشمیر، پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر کے مختلف ملکوں میں مقیم کشمیری یومِ حقِ خود ارادیت منا رہے ہیں جو ہر سال منایا جاتا ہے۔

پاکستانی قوم یقین رکھتی ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارت کا وادئ کشمیر پر قبضہ مکمل طور پر ٖغیرقانونی قرار دیتے ہیں جس کے دوران بھارتی فوج نے تاریخِ انسانی کا بدترین کرفیو 5 اگست 2019ء کو نافذ کیا اور کشمیر سے ریاست کی حیثیت بھی چھین لی۔ کالے قوانین نافذ کیے گئے۔

جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد مظلوم کشمیریوں کے جوش و جذبے، آزادی کیلئے تڑپ اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے مزین ہے جس میں گزشتہ 70 سال سے زائد عرصے سے مسلسل شہدائے کشمیر کا لہو شامل ہورہا ہے اور ہر گزرتے روز کے ساتھ کشمیری قوم کا حقِ خود ارادیت کے حصول کا جذبہ تقویت پکڑ رہا ہے۔

Related Posts