لکی مروت میں سیمنٹ فیکٹری کی بس کے قریب دھماکہ، 1شخص جاں بحق،7 زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

لکی مروت
(فوٹو: آن لائن)

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سیمنٹ فیکٹری کی بس کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق جبکہ 7زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لکی مروت کے علاقے بیگو خیل میں پیش آیا۔ زخمی ہونے والے 7افراد میں 2خواتین بھی شامل ہیں، جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعہ مبینہ طو پر دہشت گردی کا نتیجہ ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ لکی مروت پولیس کا کہنا ہے کہ سیمنٹ فیکٹری کی بس کو آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، حادثے میں زخمی اور جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل مکمل کرلیا گیا۔

خیال رہے کہ لکی مروت اور بنوں میں دہشت گردی عروج پر ہے جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 4پولیس اہلکاروں کو شہید کردیا۔ فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں 4  اہلکار فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوگئے۔

گزشتہ روز سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں فرائض کی انجام دہی میں مصروف 3 ٹریفک پولیس اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کرلیا۔

Related Posts