اسلام آباد: قازقستان سے پاکستان کے مختلف شہروں کیلئے براہِ راست پروازوں کا آغاز رواں برس ہوگا جس کا مقصد دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قازقستان رواں برس ملک کے سب سے بڑے شہر الماتی سے لاہور اور کراچی کیلئے براہِ راست پروازوں کا آغاز کرے گا تاکہ پاکستان کے ساتھ کاروباری اور عوامی تعلقات کو فروغ دیا جاسکے۔
گزشتہ 7 ماہ میں آئی ٹی برآمدات میں 2.3 فیصد اضافہ
قازقستان کے سفیر یرزوان کسٹافین نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقعے پر تاجر برادری سے خطاب کے دوران کہا کہ ہم الماتی اور لاہور کے مابین اپریل سے براہِ راست پروازیں شروع کریں گے۔
سفیرِ قازقستان نے کہا کہ الماتی اور کراچی کے مابین براہِ راست پروازیں مئی سے شروع کی جائیں گی، جبکہ رواں برس قازقستان کے صدر قاسم جامورت توکائف پاکستان کا دورہ کریں گے جس کے دوران اہم ملاقاتیں ہوں گی۔
یرزوان کسٹافین نے کہا کہ قازقستان کے صدر کے دورۂ پاکستان کے موقعے پر 20 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ دورہ دونوں ممالک کے مابین متعدد شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا ذریعہ ہوگا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور قازقستان کے مابین دوستانہ تعلقات کا آغاز 1992 میں ہوا، جس کے بعد باہمی تعلقات کو وسعت د ی گئی۔ قازقستان کے سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے تجارتی و اقتصادی تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








