کراچی:شہر قائد کے باسیوں کے لئے کے ڈی اے نے سندھ حکومت کی ہدایت پر 62ہزار9 سو34ایکڑ پر مشتمل کے ڈی اے سٹی کے نام سے ایک نئی ڈویلپمنٹ اسکیم متعارف کرادی۔
سرجانی ٹاؤن سے متصل گڈاپ کے چھ دیہات مٹھہ گڑھ،ماہیو،اللہ پھائی،شاہی چپ،مندورو اور لوہارکولانگ پر مشتمل یہ اسکیم 47 کہلائے گی زمینوں کی نشاندہی کے بعد اس کے حصول اور نوٹیفکیشن کے لئے کے ڈی اے نے باقاعدہ حکومت سندھ کو سمری بھجوا دی ہے۔
اس اسکیم سے متعلق کے ڈی اے نے باقاعدہ طور پر ماسٹر پلان بھی تیار کر لیا ہے،تفصیلی لے آؤٹ پر کام کیا جارہا ہے، واضح رہے کہ کے ڈی اے کی آخری اسکیم 45تیسر ٹاؤن تھی جبکہ اسکیم 41سرجانی 1986 میں لانچ کی گئی تھی۔
تیسر ٹاؤن کی اسکیم کے بعد شہر کی آبادی میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا گیا، لیکن حکومتی سطح پر کسی نئی رہائشی اسکیم کا اعلان نہیں کیا جاسکا،تاہم اب طرف توجہ دی گئی ہے اور اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی ہدایت پرنئے ڈی جی کے ڈی اے ناصر عباس سومرو نے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد سہیل خان کو ذمے داری سونپی کہ شہریوں کی رہائشی ضروریات پوری کرنے کے لئے فوری اسکیم لانچ کی جائے۔
محمد سہیل خان نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کل اراضی میں سے20ہزارایکڑ رقبے پر ہاؤسنگ اسکیم ہوگی جو عام شہریوں،سرکاری ملازمین اور صنعتی علاقے کے لئے وقف ہو گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ اس اسکیم سے کے ڈی اے جو مالی بحران کا شکار ہے اور حکومت سے فنڈز کا منتظر رہتا ہے ماضی کی طرح اسے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد مل سکے گی۔اس اسکیم کے باعث عوام کو سہولت تو ملے گی ہی ساتھ ہی کے ڈی اے کی مالی حالت بھی بہتر ہوگی۔