اسلام آباد: سابق ایئر چیف مجاہد انور خان اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے، جبکہ نئے ایئر ظہیر احمد بابر نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
پاک فضائیہ میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب منعقد کی گئی، اس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایئر چیف مجاہد انور خان نے کہا کہ پاک فضائیہ میں خدمات سرانجام دینا میرے لیے فخر ہے، قوم کے تعاون سے ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر قیمت پر دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے، ہر شعبہ میں تعاون پر اپنے سٹاف کا شکر گزار ہوں، اتحاد ہی کامیابی کا بنیادی جز ہے۔
سابق ایئر چیف مجاہد انور خان نے نئے ایئر چیف ظہیر احمد بابر کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ ظہیر احمد بابر کی کمان میں پاک فضائیہ مزید ترقی کرے گا۔
یاد رہے ظہیر احمد بابر ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف ایڈمن کے طور اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے، انہوں نے 1986ء میں پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی تھی۔
نئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر فائٹر اسکوارڈرن، آپریشنل ائیربیس اور ریجنل ائیر کی کمانڈ بھی کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اسسٹنٹ چیف آف ائیر سٹاف آپریشن و ریسرچ اور ترقی کے طور پر اپنی خدمات احسن طور پر انجام دے چکے ہیں۔