عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے روس سے گیس لے کر بھارت آتے ہوئے جہاز کو مودی حکومت کی جانب سے واپس بھیجنے پر وزیراعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی جی ٹرمپ سے خوفزدہ ہیں۔ ٹرمپ کے آگے جھکنا بند کریں، فوری طور پر روس سے گیس اور تیل خریدنا شروع کردیں۔
عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ ایک جانب تو مودی حکومت ملک کو پیٹرول، ڈیزل اور گیس بچانے کا مشورہ دے رہی ہے تو دوسری جانب جب روس تیل اور گیس دے رہا ہے تو نریندر مودی اسے لینے سے انکار کردیتے ہیں۔ آخر کیوں؟
کنوینر عام آدمی پارٹی نے کہا کہ پورے بھارت میں افواہ پھیلی ہوئی ہے کہ اڈانی کو بچانے اور ایپسٹین فائل میں نام آنے کے خوف سے نریندر مودی بہت ڈرے ہوئے ہیں۔ لیکن ملک کے عوام کو آپ کی ذاتی زندگی میں کوئی دلچسپی نہیں۔ اگر آپ دباؤ جھیلنے کی صلاحیت نہیں رکھتے تو استعفیٰ دے دیں۔
اروند کیجریوال نے کہا کہ ابھی خبر آئی ہے کہ گزشتہ 2، 3 دنو میں روس سے ایک جہاز گیس لے کر بھارت کیلئے روانہ ہوا تھا، بھارت حکومت نے اسے روک دیا اور روس سے کہا کہ گیس نہیں چاہئے۔ دوسری طرف ملک کا وزیر اعظم کہتا ہے کہ اسکوتر، موٹر سائیکل اور کار استعمال کرنا بند کریں اور ورک فرام ہوم کرکے تیل بچائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کہہ رہے ہیں کہ تیل اور گیس کی کمی ہے، کھاد کا استعمال مت کریں، روس تیل اور گیس دے رہا ہے لیکن بھارت کہہ رہا ہے کہ ہم نہیں خریدیں گے کیونکہ ٹرمپ نے منع کیا ہے۔ آپ ٹرمپ کے سامنے کیوں جھکے ہوئے ہیں؟ ملک کے 140 کروڑ عوام کا مفاد زیادہ اہم ہے یا ٹرمپ؟
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








