خدیجہ شاہ رکن قومی اسمبلی بننے کیلئے امریکی شہریت چھوڑنے کو تیار

تازہ ترین

تازہ ترین

خدیجہ شاہ
(فوٹو: آن لائن)

مخصوص نشست کیلئے عمران خان کی جانب سے نامزد پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ رکن قومی اسمبلی بننے کیلئے امریکی شہریت چھوڑنے کو تیار ہوگئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خدیجہ شاہ نے دہری شہریت چھوڑنے تک مہر النسا سجاد کو اپنا نمائندہ مقرر کردیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خدیجہ شاہ کو قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشست کیلئے نامزد کیا تھا، مہر النسا سجاد دہری شہریت ترک کرنے تک خدیجہ شاہ کی نمائندگی کریں گی۔

فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں خدیجہ شاہ نے کہا کہ میرے رہنما اور زندگی کے ہیرو سابق وزیراعظم عمران خان نے مجھے اس قابل سمجھا کہ ان کی پارٹی کی نمائندہ بنوں اور عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھاؤں۔ میں مخصوص نشست کی پیشکش قبول کر رہی ہوں۔

نامزد رکن اسمبلی خدیجہ شاہ نے کہا کہ جب تک میری دہری شہریت کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، اس وقت تک مہر النساء کو نمائندہ مقرر کرتی ہوں، جو میری دوست یا رشتہ دار نہیں۔ میں نے بہت سوچ سمجھ کر انہیں اپنا نمائندہ مقرر کیا ہے جو آکسفورڈ کی تعلیم یافتہ ہیں۔

خدیجہ شاہ نے کہا کہ مہر النساء ویسی ہی خاتون ہیں جیسی کہ میں پاکستان کی ہر خاتون کو دیکھنا چاہتی ہوں جو آکسفورڈ یونیورسٹی میں نائب صدرکے عہدے پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں اور میری طرح حقیقی جمہوریت کی بقاء کی جنگ لڑنے کیلئے تیار ہیں۔

Related Posts