پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے دانیہ ملک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آنجہانی عامر لیاقت کو دیندار لڑکی سے شادی کرنی چاہیے تھی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ جس طرح کی لڑکی سے عامر لیاقت نے شادی کی تھی وہ اِسی طرح کی حرکتیں کرسکتی تھی جیسے بیڈروم کی ویڈیوز لیک کرنا یا الزامات لگانا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اِس لڑکی کا جو بیک گراؤنڈ تھا وہ ایسی ہی حرکتیں کرسکتی تھی، اُس سے اور امید بھی کیا کی جاسکتی تھی۔
واضح رہے کہ مرحوم عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک نے اُن کی کچھ نازیبا ویڈیوز لیک کردی تھیں، جس کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ میں چلے گئے تھے اور انہوں نے لوگوں سے ملنا جلنا بھی ترک کردیا تھا۔
خیال رہے کہ اُسی ذہنی ڈپریشن میں مرحوم عامر لیاقت حسین 9 جون کو گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔
دوسری جانب گزشتہ روز دانیہ ملک نے عدت کے دوران اپنی ایک ولاگ ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انھیں اپنی والدہ کے ساتھ ڈی جی خان دربار پر حاضری دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔