کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کو طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کردیا گیا جس پر وزیراعلیٰ سندھ سمیت پارٹی قیادت نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خورشید شاہ کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) منتقل کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسپتال پہنچ کر ان کی عیادت کی اور ان کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی فاروق شاہ کے مطابق خورشید شاہ کی حالت پہلے کے مقابلے میں بہتر ہوئی ہے تاہم انہیں 24 گھنٹے کے لیے ڈاکٹرز کی زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سید خورشید احمد شاہ پاکستان پیپلز پارٹی کے انتہائی سینئر اور تجربہ کار رہنما ہیں جنہوں نے اپنی طویل سیاسی زندگی عوامی خدمت اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے وقف کی۔
وہ 1988 میں پہلی بار سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور مختلف ادوار میں صوبائی وزیر تعلیم، درآمدات، اطلاعات، خزانہ اور ٹرانسپورٹ سمیت اہم شعبوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








