احتجاج ملتوی کرنے کیلئے عمران خان سے ملاقات کی شرط مسترد، خواجہ آصف کا بلیک میلنگ کا الزام

تازہ ترین

تازہ ترین

عمران خان
(فوٹو: پاک الرٹ)

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کی احتجاج ملتوی کرنے کیلئے عمران خان سے ملاقات کی شرط مسترد کردی جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریکِ انصاف پر بلیک میلنگ کا الزام عائد کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ جب نواز شریف قید تھے تو ان کو آخری سانسیں لیتی ہوئی بیوی سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی اور وہ اسی طرح اِس دنیا سے رخصت ہوگئیں۔

پیغام میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ تحریکِ انصاف کو عمران خان سے سیاسی ملاقات کیلئے سہولت کاری چاہئے، ورنہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کو سبوتاژ کیا جائے گا، یہ بلیک میلنگ اور دھمکی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی نے شرط عائد کی تھی کہ اگر اسلام آباد کا احتجاج ملتوی کرنا ہے تو ہمیں عمران خان سے ملاقات کرنے دی جائے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملوانے کیلئے اس کی اولاد کو لندن سے بلایا جارہا ہو تو پھر بھی بات بنتی ہے۔

یاد رہے کہ کل سے اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہی اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں روس، چین اور بھارت سمیت دیگر متعدد ممالک کے سربراہان اور نمائندے شرکت کریں گے جبکہ تحریکِ انصاف نے 15اکتوبر کو ہی ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

Related Posts