خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 13 خوارج دہشت گرد ہلاک ہوگئے، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے یہ دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ 6 اور 7 مارچ کو خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جینس بیسڈ اطلاع کی بنیاد پر تیز رفتار کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔
شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا اس حوالے سے جاری بیان میں کہنا ہے کہ باجوڑ ضلع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے 2 مختلف مقابلوں میں مزید 3 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔خیبر اور جنوبی وزیرستان میں بھی 2 علیحدہ جھڑپوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مزید 5 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی میں ملوث تھے۔
بیان کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ علاقے میں دیگر ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے جبکہ قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








