خیبر پختونخواہ کے محکمہ مالیات نے نئی ہدایات جاری کی ہیں جن میں سرکاری دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ پٹرولیم کی فراہمی میں خلل کے پیشِ نظر ایندھن کی بچت کے اقدامات اپنائیں۔
محکمہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدامات عالمی بحران اور پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین میں متوقع خلل کے پیش نظر متعارف کرائے گئے ہیں، جو مقامی سطح پر سنگین صورتحال پیدا کر سکتے ہیں۔
ہدایت کے تحت تمام منسلک محکمے، ذیلی دفاتر اور ماتحت اداروں کو یہ یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کا استعمال صرف ضروری سرکاری کاموں، ہنگامی رسپانس سرگرمیوں اور ناگزیر فیلڈ آپریشنز تک محدود رکھا جائے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ غیر ضروری دورے، غیر اہم معائنہ جات، رسمی دورے اور غیر ضروری سرکاری سفر فوری طور پر محدود کیے جائیں۔
سرکاری گاڑیوں کا استعمال صرف سرکاری مقاصد کے لیے کیا جائے۔ محکمہ نے جہاں ممکن ہو گاڑیوں کے اشتراک (Pooling) کی بھی حوصلہ افزائی کی ہے اور دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایک ہی سرکاری کام کے لیے متعدد گاڑیوں کے استعمال سے گریز کریں۔
سرکاری افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ جہاں ممکن ہو، داخلی اور بین المحکمہ میٹنگز آن لائن یا ورچوئل پلیٹ فارمز کے ذریعے منعقد کریں تاکہ سفر اور ایندھن کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔
انتظامی دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایندھن کی تقسیم اور گاڑیوں کے استعمال کا درست ریکارڈ رکھیں تاکہ نئی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
ساتھ ہی نوٹیفکیشن میں محکموں کے سربراہان سے کہا گیا ہے کہ وہ افسران اور عملے کو موجودہ حالات میں سرکاری وسائل کے محتاط استعمال کے بارے میں آگاہ کریں۔
محکمہ مالیات نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ ایندھن کی بچت کے اقدامات کے نفاذ کے باوجود موجودہ بجٹ سائیکل اور آنے والے مالی سال کی تیاری بلا رکاوٹ جاری رہنی چاہیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








