کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کے اغوا کا ڈرامہ رچا کر اسے بے دردی سے قتل کرادیا۔
اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے عملے نے تحقیقات کے دوران مقتول کی ہڈیاں برآمد کرکے ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
اے وی ایل سی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس محمد معروف عثمان کے مطابق گل محمد نامی شخص 23 ستمبر سال2020 کو پراسرار طور پر لاپتہ ہوا تھا۔
جس کا مقدمہ1200/21 زیر دفعہ 365/34 ت پ تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں 6 جولائی 2021 کو درج کیا گیا تھا، مدعی کی درخواست پر تفتیش 18 نومبر کو اے وی سی سی ٹرانسفر ہوئی۔
تفتیشی افسر نے اصل ملزمان کو گرفتار کیا اور ملزم کی نشاندہی پر مقتول کی ہڈیاں ضلع خوشاب کے بیابان علاقے سے برآمد کیں۔مقتول کی اپنی بیوی رابعہ بھی قتل میں ملوث نکلی۔
جس نے اپنے آشنا مرتضی اور دوست علی حمزہ کے ساتھ مل کر مغوی کا قتل کیا۔ملزم علی حمزہ نے مجسٹریٹ کے سامنے 164 بیان میں اقبال جرم کر لیا ہے۔
مقتول کی برآمد شدہ ہڈیاں ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری ارسال کر دی گئی ہیں، مدعی مقدمہ نے اصل ملزمان کی شناخت اور گرفتاری پر تفتیشی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: لاہور میں نامعلوم حملہ آوروں نے میاں بیوی کو سرعام گولیاں مارکرقتل کردیا، بیٹازخمی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








