گولڈ میڈلسٹ انجینئر اتقا کے کراچی میں قتل کے بعد ملزمان کو کوئٹہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ سی آئی اے پولیس نے ملزمان کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق آج سے 8روز قبل پورٹ قاسم میں کام کرنے والے مکینیکل انجینئر اور گولڈ میڈلسٹ اتقا کو ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موبائل فون سمیت دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ سی آئی اے پولیس نے قتل کے اہم شواہد تلاش کرلیے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سی آئی اے پولیس نے ملزمان کے گروہ کا سراغ لگا لیا۔ تربیت یافتہ ملزمان 27 سالہ حافظِ قرآن اتقا معین کو قتل کرنے کے بعد بلوچستان فرار ہوگئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا کریمنل ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے۔ ملزمان گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی ڈکیتیوں میں ملوث ہیں جنہیں بلوچستان لے جا کر فروخت کردیا جاتا تھا۔
یکم جون کو اتقا کے قتل کے بعد میڈیا رپورٹس میں گولڈ میڈلسٹ انجینئر کے قتل کو انتہائی افسوسناک قرار دیا گیا تھا، واقعے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد پولیس نے بھی واقعے کی فوری تفتیش شروع کردی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








