بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے خلاف میچ کیلئے ایک دو کھلاڑیوں پر انحصار نہیں کرسکتے، پاکستان نے ماضی میں زمبابوے سے ہارنے کے بعد بھی فائنل کھیلا، ہمیں بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق نیو یارک میں پریس کانفرنس کے دوران بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہم یہ نہیں سوچ سکتے کہ پاکستان پچھلا میچ ہار گیا، تو یہ بھی ہار جائے گا۔ پچ جیسی ہو، سامنا کسی بھی ٹیم سے ہو، ہم اپنی بہترین کرکٹ کھیلیں گے۔
گیم پلان کے متعلق روہت شرما نے کہا کہ بھارتی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں، جو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، ہمارا انحصار ایک دو کھلاڑیوں پر نہیں بلکہ تمام 11 کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، ہر اسکواڈ میں کچھ پلیئرز اہم ہوتے ہیں۔
کپتان بھارتی ٹیم نے کہا کہ امریکی کنڈیشنز میں مشکلات کا سامنا ہے لیکن جیت کیلئے مشکلات کو پسِ پشت ڈالنا ہوگا۔ ہر اوور میں کھیل بدل جاتا ہے، اس لیے زیادہ آگے کا نہیں سوچا۔ ٹی 20 میں صورتحال کسی بھی وقت بدل سکتی ہے۔
روہت شرما نے کہا کہ پاکستانی ٹیم یقیناً اپنی غلطیوں کا تجزیہ کرکے آگے آئے گی۔ کبھی کبھی اچھا آغاز ملے، اس کے بعد ٹیمیں لڑکھڑا سکتی ہیں۔ ہم امریکا صرف چھ سات روز قبل آئے، نیو یارک ہوم گراؤنڈ نہیں ہے، جو بھی اچھا کھیلا، وہ جیت جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








