بادشاہ سلامت نے عوام کو عید الاضحیٰ پر قربانی کرنے سے روک دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

مراکش کے بادشاہ محمد ششم نے عید الاضحیٰ کی آمد پر ایک بار پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سال قربانی کا عمل نہ کریں کیونکہ ملک اس وقت شدید معاشی، سماجی اور موسمیاتی بحران کا شکار ہے۔

وزیر اوقاف و اسلامی امور احمد التوفیق نے شاہی پیغام سرکاری میڈیا کے ذریعے جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں جاری خشک سالی اور معاشی بدحالی کے باعث مویشیوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے، جس سے ان کی افزائش نسل کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ان حالات میں قربانی کے جانور خریدنا عوام، خاص طور پر تنخواہ دار طبقے کے لیے شدید مالی بوجھ بن سکتا ہے، اس لیے اس سال قربانی ترک کر دینا بہتر ہوگا۔ بادشاہ نے کہا کہ قربانی سنت مؤکدہ ضرور ہے، لیکن شریعت عوامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے نرمی کی اجازت دیتی ہے۔

شاہ محمد ششم نے علامتی طور پر اپنی طرف سے دو بھیڑیں قربان کرنے کا اعلان بھی کیا۔

ادھر بادشاہ کی اس اپیل کے بعد ملک بھر کی مویشی منڈیوں سے قربانی کے جانور اچانک غائب ہو گئے جبکہ سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں مبینہ طور پر سرکاری اہلکار گھروں سے بھیڑیں ضبط کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس صورتحال نے عوام میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

Related Posts