شہری پر تشدد کا ملزم سلمان فاروقی جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ سوشل میڈیا)

ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) تشدد کیس میں کراچی پولیس نے منگل کے روز سلمان فاروقی اور ان کے شریک ملزم کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق گزری تھانے کی پولیس نے دونوں ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی، مظمل علی سومرو کی عدالت میں پیش کیا۔ پولیس نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جس پر عدالت نے دو روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر کیس کی پیشرفت رپورٹ طلب کر لی۔

سلمان فاروقی اور ان کے ساتھی کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ دوران سماعت عدالت نے سلمان فاروقی سے ان کے وکیل کا نام پوچھا، جس پر انہوں نے بتایا کہ ان کے وکیل نعیم قریشی ہیں۔ عدالت نے فوری طور پر وکیل کو طلب کیا، لیکن ان کی عدم موجودگی کے باعث سماعت دس منٹ کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

بعد ازاں سلمان فاروقی کی جانب سے قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست بھی جمع کرائی گئی۔ ان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے میں شامل دفعات قابل ضمانت ہیں، جن میں دھمکیاں دینے کی دفعہ بھی شامل ہے۔

پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق مدعی محمد سلیم، جو کہ ایک موبائل کمپنی میں سیلز مینیجر ہیں، اتحاد کمرشل گئے تھے جہاں انہوں نے ایک معمولی حادثہ دیکھا جو ایک موٹر سائیکل اور کار کے درمیان پیش آیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ کار ڈرائیور سلمان فاروقی معمولی حادثے پر برہم ہو گئے اور نہ صرف موٹر سائیکل سوار کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اپنے سیکیورٹی گارڈ کے ساتھ مل کر نوجوان کو اسلحہ کے زور پر گاڑی میں بند کر دیا۔

متاثرہ شخص کے ساتھ موجود خواتین نے ہاتھ جوڑ کر منت سماجت کی، لیکن کار ڈرائیور نے نہ صرف ان کے ساتھ بدتمیزی کی بلکہ ایک خاتون کو دھکا بھی دیا۔ یہ واقعہ موقع پر موجود لوگوں نے ویڈیو کی صورت میں ریکارڈ کیا اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کی۔

Related Posts