اپوزیشن کی اپنا امیدوار لانے کا تیاریاں! کیا پی ٹی آئی وزیراعلیٰ کی سیٹ بچا پائے گی یا خیبر پختونخوا بھی ہاتھ سے گیا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

KP opposition gears up to nominate joint CM candidate

خیبر پختونخوا میں متحدہ اپوزیشن کی مشترکہ وزیراعلیٰ امیدوار لانے کی تیاری، فضل الرحمان پشاور میں متحرک ہوگئے، پی ٹی آئی کیلئے خیبر پختونخوا میں اقتدار بچانا مشکل ہوگیا۔

پشاور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے استعفے کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے صوبے کے نئے وزیراعلیٰ کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کی مشاورت شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں نے اراکینِ اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ پشاور میں موجود رہیں تاکہ اہم مشاورتی اجلاسوں میں شرکت کر سکیں۔

اجلاس کے بعد مختلف اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان اپنے اپنے اراکینِ اسمبلی کو اعتماد میں لیں گے، جس کے بعد وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے متفقہ امیدوار کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی پشاور پہنچ چکے ہیں اور اپنی جماعت کی سیاسی حکمتِ عملی کی نگرانی کر رہے ہیں۔

اسی دوران تحریکِ انصاف پارلیمنٹرینز کے جنرل سیکریٹری ملک حبیب نور اورکزئی نے تصدیق کی ہے کہ ان کی جماعت بھی اپوزیشن کے ساتھ مشاورت کر رہی ہے تاکہ وزیراعلیٰ کے عہدے پر ایک مشترکہ امیدوار سامنے لایا جا سکے۔

ملک حبیب نور کے مطابق چونکہ جے یو آئی (ف) کو اسمبلی میں اکثریت حاصل ہے، اس لیے امکان ہے کہ وزیراعلیٰ کے لیے ان کی جماعت کا امیدوار نامزد کیا جائے گا اور اس سلسلے میں آزاد اراکینِ اسمبلی سے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات، اختیار ولی خان نے بھی کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن خیبر پختونخوا کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کر رہی ہے اور جلد ہی وزیراعلیٰ کے لیے متفقہ امیدوار کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ منصب پارٹی کے بانی کا دیا ہوا اعتماد تھا، جسے وہ ان ہی کی ہدایت پر واپس کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے تصدیق کی کہ پارٹی کے بانی کی ہدایت پر علی امین گنڈا پور کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا جا رہا ہے۔

Related Posts