کراچی یونیورسٹی میں آج صبح ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جب سوشل ورک (شعبہ سماجی بہبود) کی طالبہ انیقہ سعید جامعہ کی پوائنٹ بس کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ حادثہ جامعہ کراچی کی حدود میں محمود حسین لائبریری کے قریب صبح تقریباً نو بج کر پندرہ منٹ پر پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق انیقہ سعید نے پوائنٹ بس سے اترنے کے فوراً بعد حادثاتی طور پر اپنی جان گنوا دی، جب بس نے ریورس لیتے ہوئے کچل دیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں۔
انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی جامعہ کراچی کی انتظامیہ اور سیکورٹی عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق بس کے ڈرائیور سے پوچھ گچھ جاری ہے، جبکہ تفتیشی ٹیم نے شواہد اکٹھے کر کے قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
یہ افسوسناک سانحہ ایک بار پھر جامعہ کراچی میں ٹرانسپورٹ سسٹم کی سلامتی اور سیکورٹی کے انتظامات پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔
طلبہ تنظیموں اور فیکلٹی اراکین نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ انتظامیہ سے مؤثر حفاظتی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








