کراچی: معروف اداکارہ کبریٰ خان نے کہا ہے کہ اگر ہم مقبوضہ فلسطین اور غزہ پر بات نہیں کرسکتے تو انسان ہونے کا کوئی فائدہ نہیں۔ فنکارہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو بیان میں صنفِ آہن کی اداکارہ کبریٰ خان نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہی کہ آپ فلسطین جا کر جھنڈا گاڑیں یا لوگوں کو بچائیں یا کیس کردیں بلکہ آپ ایک چھوٹی سے چھوٹی چیز بھی کرسکتے ہیں۔
ویڈیو بیان میں اداکارہ کبریٰ خان نے کہا کہ آپ فلسطین پر ہونے والے ظلم کی مذمت کرسکتے ہیں، اس پر بات کرسکتے ہیں۔ لوگوں کو پتہ ہونا چاہئے۔ غزہ میں جنگ کو 250دن ہونے والے ہیں اور لوگوں کو پتہ نہیں کہ ہو کیا رہا ہے۔ یہ انسانیت کو قتل کرنے والی بات ہے۔
بیان میں اداکارہ کبریٰ خان نے کہا کہ اگر آپ غزہ جنگ کا ذکر نہ کرنے کے عادی ہوجائیں اور یہ سوچیں کہ یہ تو چلتا رہتا ہے تو پھر ہمارے اندر انسانیت کہاں ہے؟یہی وجہ ہے کہ ہمیں فلسطین کے بارے میں بات کرنا ہوگی۔ ہم انٹرویو کر رہے ہیں اور وہاں بمباری ہورہی ہے۔
اداکارہ کبریٰ خان نے کہا کہ غزہ میں لوگوں کے خاندان اجڑ رہے ہیں، بچے مر رہے ہیں۔ اگر ہم فلسطین کے بارے میں بات نہیں کرسکتے تو پھر ہمارا کیا فائدہ؟ ایک بارپھر بتادوں کہ لڑنے کیلئے نہیں کہہ رہی لیکن اگر بات بھی نہیں کرسکتے تو انسان ہونے کا کیا فائدہ ہے؟
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








