خیبر پختونخوا کے زرخیز شہر صوابی میں خاتون نے بیک وقت 4 بچوں کو جنم دے دیا ہے، جبکہ بچوں کی پیدائش آپریشن کے بغیر ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ خوشگوار واقعہ باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں پیش آیا۔ ترجمان باچا خان میڈیکل کمپلیکس رحم خان کا کہنا ہے کہ خاتون نے بیک وقت 2 بیٹوں اور 2 بیٹیوں کو جنم دیا ہے جبکہ ماں اور بچے دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ترجمان باچا خان کمپلیکس کا کہنا ہے کہ بچوں کے والدین کا تعلق صوابی کے گاؤں سلیم خان سے ہے جبکہ ماں اور تمام بچے تندرست ہیں۔ انچارج نیونٹل کیئر یونٹ ڈاکٹر عنایت اللہ کا کہنا ہے کہ بچوں کی پیدائش بغیر آپریشن کیے نارمل ڈلیوری سے ہوئی ہے۔
بچوں کے والد نے اس موقعے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ساتھ 4 بچوں کی پیدائش پر بے حد خوش ہوں۔ میں ہسپتال کی انتظامیہ اور ڈاکٹرز کا خصوصی طور پر شکر گزار ہوں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب کے ضلع بہاولپور کے ایک مقامی ہسپتال میں اتوار کو ایک خاتون نے پانچ بچوں کو جنم دے دیا تھا۔
ہسپتال ذرائع کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مذکورہ خاتون نے چار لڑکیوں اور ایک لڑکے کو جنم دیا۔
ستمبر 2023 میں سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق تمام بچے صحت مند ہیں، خاتون نے ہفتے کے روز سر صادق اسپتال میں پانچ بچوں کو جنم دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








